قابض صہیونی فوج کے وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں 16 بچوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الخلیل میں باب الزاویہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جاری تصادم کے دوران فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ دوسری طرف سے قابض نے فلسطینی بچوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی دم گھٹنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے نہتے بچوں کو گھیر کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد انہیں صہیونی انٹیلی جنس کے ایک رابطہ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان باب الزاویہ، حمص، الزاھد اور یہودی قبرستان کے قریب جھڑپیں ہوئیں۔