قابض صہیونی فوج نے مشرقی بیت المقدس کے شمالی قصبے العیساویہ پر دھاوا بولا اور پرانے بیت المقدس کے تاریخی دروازے’باب العامود‘ کو فلسطینیوں کی آمد ورفت کے لیے سیل کر دیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقامی سماجی کارکن اور فالو اپ کمیٹی کے رکن محمد ابو حمص نے بتایا کہ صہیونی پولیس اور فوجیوں کی بھاری نفری نے العیساویہ پر اس وقت دھاوا بولا جب اسکولوں میں چھٹی ہو رہی تھی۔ صہیونی فوج کئی گھنٹے بعد تک وہیں موجود رہی۔
ابو حمص نے بتایا کہ صہیونی فوج شہریوں کے مکانوں کےاندر داخل ہونے کے بعد ان کی چھتوں پر چڑھ گئی۔ اس دوران فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج اور پولیس پر سنگ باری کی۔
ادھر ’قدس پریس‘ کے مطابق قابض فوج نے مشکوک پیکٹ کی موجودگی کی آڑ میں باب العامود کوغیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے باب العامود کے بیرونی راستے پر آہنی اور کنکریٹ کی رکاوٹیں کھڑی کرکے فلسطینیوں کی آمد ورفت بند کر دی تھی۔