فلسطینی سیاسی جماعت عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے کارکنوں کی عباس ملیشیا کے ہاتھوں گرفتاریوں کی شدید مذمت کرت ہوئےسیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کو قومی مصالحت کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں جماعت کے کارکنوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن جاری ہے۔ بغیر کسی الزام کے کارکنان کو حراست میں لے کر جیلوں میں اذیتیں دی جاتی ہیں۔ عباس ملیشیا کا یہ طرز عمل قومی مصالحت کی پالیسی کی صریح نفی ہے۔
عوامی محاذ نے فلسطینی اتھارٹی سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ غرب اردن میں اپنے ماتحت سیکیورٹی اداروں کو لگام دے اور سیاسی کارکنوں کی بلا جواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری اور مکمل طور پر بند کرتے ہوئے گرفتار کیے گئے تمام کارکنان کا باعزت طور پررہا کیا جائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا نام نہاد سائبر جرائم ایکٹ کے تحت سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے انہیں ہراساں کررہی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی اور اس کے سیکیورٹی اداروں کا چلن قومی مصالحت کے لیے تباہ کن ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں سے فلسطینی اتھارٹی کی مفاہمتی پالیسی سوالیہ نشان بن گئی ہے۔