امیر کویت الشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے ایک برقی مراسلے میں کویتی پارلیمنٹ کے اسپیکر مروزق الغانم کے اس اقدام کی بھرپور تعریف و تحسین کی ہے جس میں انہوں نے روس میں عالمی پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران صہیونی ریاست کے وفد کو بھگا دیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امیرکویت نے مجلس الامہ ’پارلیمنٹ‘ کے اسپیکر مرزوق الغانم کو بھیجے گئے مراسلے میں لکھا ہے کہ روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں ہونے والے عالمی پارلیمانی اجلاس کے موقع پر ان کے جرات مندانہ موقف کو پوری کویتی قوم نے سراہا ہے۔ کویتی حکومت اور عرب اقوام بھی ان کے ’کلمہ حق‘ ادا کرنے کے اس جرات مندانہ موقف کی تحسین کرتے ہیں۔
امیر کویت نے الغانم کو لکھا ہے کہ آپ نے روس میں عالمی پارلیمانی کے اجلاس میں جو انداز اور موقف اپنایا وہ کویت کی پالیسی کا عکاس ہے اور اسے مظلوم فلسطینی قوم کے جذبات کی درست انداز میں ترجمانی کی گئی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل کویتی پارلیمان کے اسپیکر مرزوق الغانم نے روس کے شہر سینٹ پیٹس برگ میں عالمی پارلیمنٹ کے 137 ویں اجلاس کے موقع پر اجلاس میں شریک صہیونی وفد کو کھری کھری سنائی اور ان سے اجلاس دفع ہونے کا مطالبہ کیا۔ کویتی اسپیکر کے ریمارکس کے بعد صہیونی مندوب اور اس کے ساتھ منہ لٹکائے وہاں سے نکل گئے تھے۔
فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کی قیادت نے بھی مرزوق الغانم کے جرات مندانہ موقف کی تحسین کرتے ہوئے عالمی پارلیمان میں فلسطینی قوم کے جذبات کی ترجمانی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔