اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں شہری آبادی کے قریب فوجی مشقیں شروع کی ہیں، جس کے باعث مقامی شہری سخت خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری بکتر بند گاڑیوں، فوجی ٹرکوں اور دیگر بھاری مشینری کے ساتھ جنین کے نواحی پہاڑی علاقے میں پہنچیں اور یعبد اور عرابہ قصبوں کے اطراف میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے مشقوں کا آغاز کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج کے کئی دستے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے یعبد اور عرابہ قصبوں کے قریب اتارے گئے۔
فلسطینی ابلاغی ذریعے کا کہنا ہے کہ یعبد، نزلہ زید، کفیرت اور عرابہ میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری دیکھی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عرابہ اور یعبد قصبوں کے درمیان ’سات پل‘ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں سے دستے اتارے گئے۔
مذکورہ دونوں قصبوں کےاطراف میں اسرائیلی فوج کی بھاری نفری کے ساتھ جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے فلسطینی شہریوں کی آمد ورفت روک دی ہے۔