چهارشنبه 30/آوریل/2025

غزہ کے خلاف نئی جنگ چھیڑنے کا کوئی ارادہ نہیں: لائبرمین

جمعرات 26-اکتوبر-2017

اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا ہے کہ ان کی فوج غزہ کی پٹی پر نئی جنگ مسلط کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ اور اسرائیل کےدرمیان سرحد پر موجودہ امن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’وللا‘‘ کے مطابق ایک بیان میں وزیردفاع نے کہا کہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان حفاظتی دیوار کی تعمیر کا کام اطمینان بخش انداز میں جاری ہے اور اسے مقررہ وقت پر مکمل کرلیا جائے گا۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی کے سرحدی علاقوں کے دورے کے دوران یہودی فوجیوں سے ملاقات میں کیا۔

لائبرمین نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی سرنگوں سے نمٹنےکے لیے حفاظتی دیوار اہم دفاعی اقدام ہے۔ اس دیوار کی تعمیرمکمل ہونے کے بعد غزہ کی پٹی کے اطراف میں موجود یہودی کالونیوں کو پہلے کی نسبت زیادہ تحفظ ملے گا۔

خیال رہے کہ صہیونی فوج نے چند ماہ قبل غزہ کی پٹی کی سرحد پر ’رکاوٹ‘ کے نام سے ایک کنکریٹ کی ایک دیوار کی تعمیر شروع کی تھی۔ زیرزمین اور سطح زمین پر کئی فٹ بلند اس دیوار کی تعمیر پر 50 کروڑ ڈالر کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اسے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔

 

مختصر لنک:

کاپی