اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی پولیس کی اسپیشل یونٹ نے فلسطینیوں کی بڑھتی مزاحمتی سرگرمیوں کے پیش نظر بیت المقدس شہر میں مزید 15 تھانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی اخبارات میں شائع ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چند ماہ قبل مسجد اقصیٰ میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں صہیونی پولیس نے شہر بالخصوص قبلہ اول کے اطراف میں نئے پولیس مراکز قائم کرنے پرغور شروع کیا تھا۔
پولیس نے نہ صرف شہر میں نئے 15 مراکز کے قیام پر کام شروع کیا ہے بلکہ سیکڑوں نے پولیس اہلکاروں کی بھی بھرتی کی جا رہی ہے۔
گذشتہ ہفتے اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بیت المقدس میں امن وامان کے قیام کے لیے ایک نئی خصوصی پولیس یونٹ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس نئی یونٹ میں ایک سو پولیس اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ بیت المقدس میں 15 نئے تھانے قائم کرنے کےبعد 250پولیس اہلکار ان میں تعینات کیے جائیں گے۔