سعودی عرب کی حکومت نے یمن میں دہشت گردی اور آئینی حکومت کا تختہ الٹنے میں ملوث 40 باغیوں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی گرفتاری میں معاونت پر انعامات کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے گذشتہ روز جاری کردہ فہرست میں یمن کے ان 40 باغیوں کو شامل کیا گیا ہے جو حوثی گروپ کے ساتھ وابستگی کے ساتھ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
الریاض نے تمام اشتہاریوں کی گرفتاری میں معاونت کرنے والے شہریوں کو انعامات دینے اور ان کا نام صیغہ راز میں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی طرف سے یمن کے حوثی باغیوں کو اشتہاری قرار دینے اور ان کی گرفتاری میں معاونت سے متعلق یہ پہلی فہرست ہے۔ سعودی حکومت کی طرف سے حوثی لیڈر عبدالملک الحوثی کی گرفتاری پر30 ملین ڈالر، ان کے معاونین صالح الصماد کی20 ملین، ڈالر، محمد علی عبدالکریم الحوثی کی 20، زکریا یحییٰ الشامی کی 20 اور عبداللہ یحییٰ کی بھی 20 ملین ڈالر سرکی قیمت مقرر کی گئی ہے۔ بعض اشتہاری باغیوں کے سروں کی قیمت 10 اور بعض کی 5ملین ڈالر رکھی گئی ہے۔