فلسطین کی سپریم کورٹ نے انسانی حقوق کی تنظیموں اور ابلاغی اداروں کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے پراسیکیوٹر جنرل کو حکم دیا ہے کہ وہ غرب اردن کے علاقوں میں درجنوں آن لائن اخبارات اور ویب سائیٹس کی بندش کی وضاحت کرے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں فلسطینی سپریم کورٹ نے گذشتہ روز آن لائن اخبارات اور نیوز ویب سائیٹس کی بندش کے خلاف دی گئی درخواستوں کی تیسری سماعت کی۔ اس موقع پر اعلیٰ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کی کہ وہ باضابطہ طور پر اس بات کی وضاحت کرے کہ آیا آن لائن اخبارات اور دیگر ویب سائیٹس کو کیوں کر بند کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جون میں فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن کے علاقوں میں 30 کے قریب آن لائن اخبارات اور نیوز ویب پورٹل تک رسائی بند کردی تھی۔ ان میں ’مرکزاطلاعات فلسطین‘ کی ویب سائیٹ بھی شامل ہے۔
قدس نیوز نیٹ ورک کے وکیل انس البرغوثی نے آن لائن اخبارات کی غرب اردن میں بندش کے معاملے کو فلسطینی سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ گذشتہ روز درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کہ کہ وہ صدر عباس کی طرف سے جاری کردہ اس فیصلے کی نقل عدالت کے سامنے پیش کرے جس میں نیوز ویب سائیٹس کی بندش کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔
کیس کی سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔ پراسیکیوٹر جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ کیس کی سماعت کے موقع پر آن لائن اخبارات کی بندش کے اظہار وجوہ کا فیصلہ پیش کرے۔