چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطین ۔ اسرائیل کے لیے امریکی امن پلان ’ہنوز دلی دور است‘!

منگل 14-نومبر-2017

ایک طرف عالمی ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گرم ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر فلسطینوں اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے لیے ایک فارمولے پر کام جاری ہے، دوسری طرف یہ اطلاعات ہیں کہ مستقبل قریب میں مشرق وسطٰی کے لیے امریکا کی زیرنگرانی کوئی امن منصوبہ پیش نہیں کیا جا سکے گا کیونکہ  فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ اور اسرائیلی قیادت کے درمیان سربراہ ملاقات کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔

عبرانی زبان میں نشریات پیش کرنے والے ٹی وی 7 نے اپنی رپورٹ میں  اسرائیلی حکومت کے ایک مصدقہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی انتظامیہ فی الحال اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ رابطوں کی کوشش کررہی ہے تاکہ فلسطین اور اسرائیل کی سربراہ قیادت کا اجلاس بلایا جاسکے تاہم اس باب میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔

ٹی وی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پچھلے ہفتوں میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اور فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کے درمیان براہ راست ملاقات کرائی جاسکتی ہے اور امریکی صدر ٹرمپ اس ملاقات کی خود نگرانی کریں گے۔

اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے شرط پر اسرائیلی حکومتی ذریعے نے بتایا کہ فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کے بعد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان براہ راست ملاقات کے امکان کم ہوگئے ہیں۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ حماس اور تحریک فتح کے درمیان مصر کی زیرنگرانی مصالحتی معاہدے کے بعد امریکا اور اسرائیل کے لیے نئی مشکلات پیدا ہوگئی ہیں۔ دونوں ملک مخمصے کا شکار ہیں کہ آیا وہ فلسطینی مصالحت کو کس طرح ڈیل کریں۔

حالیہ دنوں میں یہ خبریں بھی آئی ہیں امریکی صدر کے داماد جارڈ کوشنر، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی مندوب گرین بیلٹ اور اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن بات چیت کا ایک فریم ورک تیار کررہی ہے۔ اس فریم ورک پر سنہ دو ہزار اٹھارہ کے اوائل میں عمل درآمد کیا جاسکتا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی