مسجد اقصیٰ کے امام اور خطیب اور سرکردہ عالم دین الشیخ اسماعیل نواھضہ نے عرب اقوام اور عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ اور القدس کے حوالے سے اپنی دینی اور اخلاقی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ عالم اسلام کی طرف سے کما حقہ اقدامات نہ کیے جانے کے نتیجے میں بیت المقدس پر اسرائیلی اجارہ دارہ قائم ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ اسماعیل نواھضہ نے ان خیالات کا اظہار مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قبلہ اول، بیت المقدس اور پورا فلسطینی وطن تاریخ کے بدترین خطرات کا سامنا کررہے ہیں۔ عالم اسلام کو القدس اور مسجد اقصیٰ کےحوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔
الشیخ نواھضہ نے کہا کہ صہیونی ریاست روزانہ کی بنیاد پر القدس کے خلاف سازشوں میں سرگرم ہے۔ بیت المقدس کا نقشہ تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ فلسطینیوں کی اراضی چھین کر ان پر یہودیوں کو بسایا جا رہا ہے۔ فلسطینیوں کو شہر سے دیس نکالا دینے کے لیے ان کے گھروں کو مسمار اور ان کے قبلہ اول میں داخلے پر پابندیاں عاید کی جارہی ہیں۔ قبلہ اول کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلانے کے لیے یہودی آباد کاروں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج اور پولیس آباد کاروں کو قبلہ اول کی بے حرمتی کے لیے فول پروف سیکیورٹی مہیا کرتی ہے۔
خیال رہے کہ کل جمعہ کو اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں فلسطینی نمازی قبلہ اول میں پہنچنے اور نماز جمعہ ادا کرنے میں کامیاب رہے۔