فلسطین میں انسانی حقوق اور اسیران کی بہبود کے لیے کام کرنے والے ایک گروپ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جیل میں قید ایک 23 سالہ فلسطینی نوجوان کو سانس لینے میں شدید تکلیف ہوئی جس کے بعد اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کے العیزریہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ فادی حامد رجب صرصور کی اسرائیلی جیل میں اچانک صحت خراب ہونے پر اسے سوروکا اسپتال منتقل کیا گیا۔
انسانی حقوق کی نامہ نگار اور اسٹڈی سینٹر کی میڈیا ایڈوائزر امینہ طویل نے بتایا کہ صرصور کی سانس میں اچانک شدید تکلیف ہوئی جس کے بعد اسے ایشل جیل سے سوروکا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فادی الصرصور کو اسرائیلی فوج نے 24 اکتوبر2017ء کو حراست میں لیا تھا۔ اسے جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید میں رکھنے کے ساتھ اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سانس، سینے اور جسم کے دیگر حصوں میں اچانک شدید تکلیف کے بعد اسے اسپتال لایا گیا ہے۔