فلسطینی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں پچھلی حکومت کے دور میں بھرتی ہونے والے 3 ہزار سیکیورٹی اہلکاروں کونئی حکومت کی سیکیورٹی فورسز میں شامل کیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ غزہ کی پٹی میں سابقہ سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو بے روزگار نہیں کیا جائے گا بلکہ تین ہزار سابق اہلکاروں کو بھی نئی حکومت کے سیکیورٹی اداروں میں شامل کیا جائے گا۔
ایاد البزم نے کہا کہ حکومت سنہ 2011ء کو طے پائے معاہدے کے مطابق غزہ کی پٹی کے 3000 سیکیورٹی اہلکاروں کو سرکاری سیکیورٹی اداروں میں مدغم کرنے کی پابند ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غزہ گذشتہ دس سال سے پرامن علاقہ رہا ہے۔ مقامی شہریوں اور زائرین کو بھی امن وامان کا احساس ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بدامنی کو واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ حالات چاہے جو بھی ہوں مگر ہم پیچھے کی طرف نہیں پلٹیں گے۔
ایاد البزم نے کہا کہ 12 اکتوبر 2017ء کو قاہرہ میں طے پائے معاہدے کے تحت غرب اردن کے سیکیورٹی حکام کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کو غزہ کے دورے پر آنا تھا مگر ابھی تک ہم اس معاہدے پرعمل درآمد کے منتظر ہیں۔