فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں 17 سال سے بند کی گئی ایک سڑک کے کھلوانے کے لیے فلسطینی شہریوں نے گذشتہ روز احتجاجی جلوس نکالا تو قابض فوج نے حسب معمول نہتے مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کومشرقی الخلیل میں قلقس کے مقام پر فلسطینی مظاہرین نے ہفتہ وار احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں نے جیسے ہی جلوس نکالا قابض فوج نےان کا گھیراؤ کرلیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی ریاست کی توسیع پسندانہ اقدامات کے خلاف نعرے درج تھے۔
ذرائع کے مطابق مظاہرے کی کوریج کے لیے فلسطینی صحافیوں کو روک دیا گیا۔ صہیونی فوج نے ایک مقامی فوٹو جرنلسٹ علاء الحداد کو کئے گھنٹے تک روکے رکھا گیا۔
خیال رہے کہ قلقس قصبے کی ایک سڑک 17 سال سے اسرائیلی فوج نے بند کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہریوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ فلسطینی آبادی نے گذشتہ کئی سال سے ہفتہ وار احتحاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔