اسرائیلی فوج کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے محافظوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں اور ان کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے شمالی فلسطین کے شہر اللد میں تلاشی کی کارروائی کے دوران تین فلسطینی وکلاء کو حراست میں لے لیا۔ ادھر بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے چارمحافظوں کو بھی حراست میں لے لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران مسجد اقصیٰ کے چار محافظوں لوئی ابو السعد، احمد ابو علیا، فادی ابو میزر اور قاسم کمال کو کئی گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا۔ بعد ازاں ابو السعد کو ایک اور تفتیشی مرکز منتقل کردیا گیا جب کہ دیگر تین محافظوں کو رہا کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز شمالی فلسطین کے شہر اللد میں تین فلسطینی کارکنوں اور وکلاء خالد زبارقہ، ایاد المسک اور فراس الصباح کو حراست میں لے لیا۔ زبارقہ اسلامی تحریک کے اسیر رہ نما الشیخ راید صلاح کے وکیل ہیں جب کہ دیگر دونوں وکلاء بھی انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ بھی وابستہ ہیں۔