پنج شنبه 01/می/2025

دمشق میں تین روز میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری

بدھ 6-دسمبر-2017

اسرائیلی جنگی طیاروں نے پیر اور منگل کی درمیانی شب دمشق کے نزدیک اُس علاقے کو نشانہ بنایا ہے جہاں شامی حکومت کی فوج کے اسلحہ ڈپو واقع ہیں۔ یہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فضائیہ کی دوسری کارروائی ہے۔

شام میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے نگراں گروپ "المرصد” کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے مذکورہ علاقے میں اسرائیلی حملے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس بم باری میں اصل ہدف کس مقام کو بنایا گیا۔

دوسری جانب شامی حکومت کے میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے تین اسرائیلی میزائلوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ یہ میزائل دمشق کے نزدیک شامی حکومت کی ایک عسکری تنصیب پر داغے گئے تھے۔

ایک عینی شاہد نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ پیر کو رات گئے دمشق کے مغرب میں جمرایا کے علاقے کی سمت تین زور دار دھماکے سنے گئے۔ ایک اور عینی شاہد کے مطابق علاقے سے گہرے دھوئیں کے بادل بھی اٹھتے دکھائی دیے۔

یاد رہے کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بھی اسرائیل نے دمشق کے جنوب مغربی نواح میں الکسوہ کے علاقے کے قریب عسکری ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا تھا۔

شام میں 2011 سے شروع ہونے والے تنازع کے بعد اسرائیل کئی مرتبہ شامی حکومت کی فوج اور شام میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بم باری کر چکا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی