فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوب میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی تازہ بمباری میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے دو کارکن شہید ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ ہفتے کو علی الصباح قابض صہیونی فوج نے جنوبی غزہ میں بمباری کی جس کے نتیجے میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے دو کارکن شہید ہوگئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں شہداء کے جسد خاکی اسپتال منتقل کردیے گئے ہیں۔ ان کی شناخت 27 سالہ محمود محمد العطل اور 30 سالہ محمد محمد الصفدی کے ناموں سے کی گئی ہے۔ محمد العطل الشیخ رضوان کالونی اور جب کہ الصفدی الدرج کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
ادھر دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اپنے دو کارکنوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ دونوں کی شہادت اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں ہوئی۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی ٹینکوں نے غزہ کی پٹی پر گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا تھا۔
گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔