فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےمختلف شہروں اور القدس میں اسرائیلی فوج کی آج سوموار کو گھرگھر تلاشی کی مہم کے دوران مزید کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں چھاپے مارے اوراسلامی جہاد کے رہ نما اور سابق اسیر خضرعدنان سمیت چھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں زیادہ تر سابق اسیران شامل ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں وعادی الفارعہ سمیت کئی دوسری کالونیوں میں گھر گھر تلاشی کے دوران لوٹ مار بھی کی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے الحارہ الیاسمینیہ، کمرشل مارکیٹ، شہداء چوک، مسجد البیک اور مسجد الحنبلی اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار فلسطینیوں کی شناخت علاء ابو شمط، براء ازحیمان، محمد صالح حمدان اور بہاء غسان دوقان کے ناموں سے کی گئی ہے۔
نابلس میں بیت فوریک پر اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی اور سڑکوں پر ناکےلگا کر فلسطینیوں کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران فلسطینی شہریوں کے گھروں میں لوٹ مار بھی کی گئی۔
ادھر جنین شہر میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران اسلامی جہاد کے رہ نما الشیخ خضرت عدنان کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا۔
گرفتاری کے فوری بعد الشیخ خضر عدنان نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ رہائی تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
قابض فوج نے غرب اردن کے شہر طولکرم اور بیت المقدس میں بھی فلسطینیوں کے خلاف تلاشی کی مہم جاری رہی جس میں متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔