کل جمعہ کے روز مصرکی تمام مساجد میں جمعہ کے خطبوں میں آئمہ کرام نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ کی شدید مذمت اور القدس کے دفاع کے لیے جاری احتجاجی تحریک کی بھرپور حمایت کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصری علماء اور خطباء نے جمعہ کے اجتماعات میں عالم اسلام پر القدس کے دفاع کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ القدس کے حوالے سے ٹرمپ کے اعلان کے بعد مسلمانوں کے پاس باہمی اتحاد کا بہترین موقع ہے۔
خیال رہے کہ مصری محکمہ اوقاف کی طرف سےکل جمعہ کے روز تمام جامع مساجد کے آئمہ اور خطباء کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ جمعہ کی تقاریر میں القدس پرخصوصی بات کریں۔ فلسطینی مقدسات کے دفاع، ان کی حرمت اور عزت واحترام کے حوالے سے عوام الناس میں شعور پیدا کریں۔
خیال رہے کہ مصر میں ہزاروں کی تعداد میں مساجد محکمہ مذہبی امور و اوقاف کے زیرانتظام ہیں۔
قبل ازیں جامعہ الازھر نے بھی ملک بھر کے علماء پر زوردیا تھا کہ وہ جمعہ کے خطبوں میں القدس کے عرب اور اسلامی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے آواز بلند کریں۔
خیال رہے کہ چھ دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ کے بعد دوسرا جمعۃ المبارک گذرا ہے۔ گذشتہ دونوں جمعوں میں مصرکی مساجد میں القدس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔