فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے ہیں جہاں وہ آج سعودی عرب کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
مرکزطلاعات فلسطین کے مطابق محمود عباس منگل کی شام سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض پہنچے جہاں اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
محمودعباس کا یہ گذشتہ چالیس روز میں سعودی عرب کا دوسرہ دورہ ہے۔
فلسطین کے سرکاری خبر رساں ادارے’وفا‘ کے مطابق الریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فلسطینی صدر کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر الریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیرخارجہ عادل الجبیر موجود تھے۔
بعد ازاں محمودعباس نے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے بھی ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی عرب کے دورے پرآنے والے وفد میں محمود عباس کے ہمراہ تحریک فتح کے مرکزی رہ نما اور وزیر برائے سول امور حسین الشیخ، انٹیلی جنس چیف میجر جنرل ماجد فرج اور سعودی عرب میں فلسطینی سفیر باسم الآغا بھی موجود تھے۔
محمود عباس آج بدھ کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی الگ الگ ملاقات کریں گے۔