پنج شنبه 01/می/2025

اسماعیل ھنیہ کی ترک سفیر سے ملاقات، القدس اور مصالحت پر تبادلہ خیال

جمعرات 21-دسمبر-2017

فلسطین میں متعین ترک سفیر نے غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہ نما اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہ نماؤں کے درمیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ اورفلسطینیوں کےدرمیان مصالحتی کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین اتھارٹی ہے ہاں متعین ترک سفیر گورجان ترک اوگلو نے گذشتہ روز غزہ میں اسماعیل ھنیہ کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ترک سفیر نے کہا کہ ان کا ملک اور حکومت القدس کے معاملے میں کسی لچک اور نرمی کا مظاہرہ نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکا اور اسرائیل کا موقف ناقابل قبول ہے اور عالمی برادری نے اسے مسترد کردیا ہے۔

اسماعیل ھنیہ کےدفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہےکہ اسماعیل ھنیہ نے ترک سفیر سے ملاقات میں ترکی کی جانب سے فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت اور القدس کے معاملے میں اختیار کردہ پالیسی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم ترک حکومت اور صدر طیب ایردوآن کی القدس بارے جاندار موقف پرترکی کے شکر گذار ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی