امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے اقدام کے خلاف فلسطین کے علاوہ دوسرے عرب ممالک میں مظاہرے جاری ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردن اور لبنان کے مختلف شہروں میں بھی کل جمعہ کو دفاع القدس ریلیاں نکالی گئیں۔
لبنان کے شہر صور میں ’القدس فلسطین کا ابدی دارالحکومت‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلوس نکالا گیا۔ جلوس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن میں القدس کے حق اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ’اعلان القدس‘ کے خلاف نعرج درج تھے۔ مظاہرین نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی۔
جلوس سے خطاب کرتے ہوئے مقامی قائدین نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کی مذمت اور امریکا سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
ادھر اردن میں بھی دفاع القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ دارالحکومت بیروت میں نکالے گئے ایک جلوس میں بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کی شدید مذمت کی اور القدس کے تحفظ کے لیے فلسطینی قوم کی احتجاجی تحریک کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ چھ دسمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا متنازع اعلان کرکے پورے خطے دنیا بھر میں نفرت کا ایک نیا سلسلہ شروع کردیا۔ امریکی صدر کے اقدام کے بعد فلسطین سمیت مسلم دنیا اور یورپی ملکوں میں بھی مسلسل احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔