اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے امریکی نائب صدرمائیک پنس کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے ان کے دورے کومسترد کردیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر کا خطے میں خیر مقدم نہیں کیا جانا چاہیے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے کہا کہ مائیک پنس کے فلسطین اور پورے خطے میں استقبال کا کوئی جواز نہیں۔ بیت المقدس کے بارے میں متنازع بیان دینے اور القدس کو اسرائیل کادارالحکومت قرار دیے جانے کے موقف کے بعد مائیک پنس کا فلسطین اور خطے میں استقبال کا کوئی جواز نہیں۔
ترجمان نے فلسطین کی تقسیم اور اس پر صہیونی ریاست کو مسلط کرنے کے امریکی منصوبوں کو ناکام بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ فوزی برھوم نے کہا کہ فلسطینی قوم سے محبت کرنے اور انسانی حقوق کی پاسداری کرنے والی تنظیمیں امریکی۔ صہیونی گٹھ جوڑ کو ناکام بنائیں۔
فلسطین میں اسرائیل اور امریکا کے مشترکہ مذموم عزائم کے خلاف فلسطینی قوم میں پیدا ہونے والی بیداری کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے حماس رہ نماء نے فلسطینی قوم کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔