ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم اور قضیہ فلسطین کے لیے صرف سفارتی محاذ پر نہیں بلکہ زندگی کے تمام محاذوں پر فلسطینیوں کے حقوق کا مقدمہ لڑیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزیرخارجہ مولود جاویش اوگلو نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت ہرسطح پر جاری رکھی جائے گی۔ صرف سفارتی جنگ نہیں بلکہ اقتصادی، سماجی ، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں فلسطینیوں کی مدد اور حمایت جاری رکے گی۔
ایک تقریب سے خطاب میں ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی القدس کی مدد اور نصرت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔ قبل ازیں فلسطینی پارلیمانی جماعتوں کے ارکان اور تحریک فتح کے پارلیمانی گروپ نے بھی ترک وزیرخارجہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پر ترک وزیرخارجہ جاویش اوگلو کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ فلسطینیوں میں یکجہتی اور باہمی تعاون قضیہ فلسطین کو آگے بڑھانے میں مدد کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی مالی امداد بند کرنے کی امریکی دھمکیوں کو خاطر میں لانے کی ضرورت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے مالی معاونت جاری رکھے گا اور اس ضمن میں اپنے وعدےپورے کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اورتُرک وزارت خارجہ مل کر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کام کریں گی اور فلسطینیوں کے حقوق کا ہرسطح پر مقدمہ لڑا جائے گا۔