اسرائیلی وزیر خزانہ موشے کحلون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئندہ اتوار کو بیت المقدس میں ان کے دفتر میں فلسطینی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ ان سے ملاقات کریں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الکرامہ گذرگاہ پر سامان کی چیکنگ کے لیے ’اسکینر‘ کی تنصیب کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا کہ ان کی حکومت فلسطینی قومی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اس اجلاس میں فلسطینی خاتون وزیر برائے اقتصادی امور عبیر عودہ بھی موجود تھیں۔
اسرائیلی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینی قومی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ سے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ چھ دسمبر 2017ء کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان رابطے تقریبا ختم ہیں۔ تاہم ٹرمپ کے اعلان القدس کے بعد فلسطینی وزیراعظم کی اسرائیلی حکام کے ساتھ یہ دوسری اہم ملاقات ہوگی۔
قبل ازیں موشے کحلون اور وزیراعظم الحمد اللہ کے درمیان آخری ملاقات 30 اکتوبر کو ہوئی تھی۔