اسرائیلیی اخبارات نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے نئے میزائل سسٹم کی منظوری دی ہے۔
عبرانی زبان کے کثیرالاشاعت اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ طویل بحث ومباحثے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے نئے میزائل سسٹم کی منظوری دی ہے۔ نئے میزائل سسٹم کے تحت 150 سے 300 کلو میٹر تک زمین سے زمین پر مارکرنے والے میزائل تیار کیے جائیں گے۔
عبرانی اخبار کے مطابق پہلے مرحلے میں 150 کلو میٹر تک مار کرنے والے میزائل تیار کیے جائیں گے۔ میزائل سسٹم اس طرح کے ایک گھنٹے میں 400 میزائل فائر کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔ اگلے مرحلے میں میزائلوں کی رینج دوگنا کردی جائے گی۔ 300 کلو میٹر تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کے بعد شام اور لبنان اسرائیل کے نشانے پر آجائیں گے۔
اس منصوبے پر قریبا دو ارب ڈالر کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اسے مکمل ہونے میں دس سال کا عرصہ لگے گا۔
اسرائیل کی جانب سے یہ میزائل سسٹم ایک ایسے وقت میں تیار کیا جا رہا ہے کہ جب موجودہ صہیونی حکومت شام اور لبنان کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ حال ہی میں اسرائیلی انٹیلی جنس کےوزیر یسرائل کاٹز نے دھمکی دی تھی کہ اگر لبنان کے خلاف جنگ ہوتی ہے تو لبنان کو پتھر کےدور میں دھکیل دیا جائے گا۔