جمعه 02/می/2025

طیارہ گرائے جانے کےبعد اسرائیلی فوج حواس باختہ، شام پرمسلسل حملے

اتوار 11-فروری-2018

ہفتے کے روز شام میں ایک ایف سولہ جنگی طیارہ مار گرائے جانے کے بعد صہیونی فوج غصے سے پاگل ہوگئی ہے اور اس نے شام میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے شروع کردیے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اُس نے شام میں ایران سے منسلک مختلف اہداف کو بڑے پیمانے پر نشانہ بنایا ہے۔

اطلاعات کے مطابق رات گئے تک اسرائیلی فوج نے شام میں 12 مختلف مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں۔

شام کے دارالحکومت دمشق کے اطراف میں زوردار دھماکوں کی آواز بھی سنائی دی گئی ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فضائیہ کا ایک لڑاکا طیارہ اسرائیل کی ہی حدود میں گرا دیا گیا جو شام کی حدود میں اُس ہدف کو نشانہ بنا رہا تھا جہاں سے ایک ایرانی ڈرون نے پرواز کرتے ہوئے اسرائیلی حدود کی خلاف ورزی کی تھی۔

اسرائیل کے مطابق ایف 16 طیارے کو شام کی سرزمین سے طیارہ گرانے والی توپوں سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں جہاز گر گیا۔

دوسری جانب شام اور ایران نے مشترکہ بیان میں اسرائیلی الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی ڈرون نے اسرائیلی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی تھی۔

طیارے کے دونوں ہواباز طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور اب ان کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کا ایف 16 طیارہ شام کے اندر اس ایرانی ہدف کو نشانہ بنا رہا تھا جہاں سے اسرائیلی سرزمین کے اندر ایک ڈرون چھوڑا گیا تھا۔

اسرائیلی محکمۂ دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رونن مینیلس نے کہا کہ یہ ڈورن اسرائیلی علاقے میں گرا اور وہ ’ہمارے قبضے میں ہے۔‘

شمالی اسرائیل کے شہروں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔ سرحدی علاقے کے اسرائیلی شہریوں نے کئی دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات دی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ‘ایک جنگی ہیلی کاپٹر نے ایک ایرانی ڈرون کو نشانہ بنایا جسے شام سے چھوڑا گیا تھا اور وہ اسرائیلی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔’

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ڈرون کو جلد ہی شناخت کر لیا گیا اور ‘اس کے جواب میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے شام کے اندر ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔

شام کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاع نے ہفتے کو شامی فوجی اڈے کے خلاف اسرائیل کی طرف سے ’جارحیت‘ کے بعد فائر کیے۔ اس نے کہا کہ اس نے ایک سے زیادہ جہازوں کو نشانہ بنایا۔

 

مختصر لنک:

کاپی