شنبه 16/نوامبر/2024

مُنگل کوتنازع فلسطین پرغورکے لیے سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس

ہفتہ 17-فروری-2018

آئندہ منگل کو تنازع فلسطین پرغور کےلیے سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کی زیرصدارت منعقد ہوگا۔ اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس بھی شرکت کریں گے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’یو این‘ سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کےدوران کہا کہ منگل کے روز فلسطینی صدر محمود عباس یو این سیکرٹری جنرل سےخصوصی ملاقات بھی کریں گے۔ دوطرفہ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت ھال اور فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن مساعی کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

رواں ماہ کے اوائل میں عالمی سلامتی کونسل کے چیئرمین منصور العتیبی نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 20 فروری منگل کو نیویارک میں ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں صدر محمود عباس کو بھی مدعو کیا گیا  ہے۔

العتیبی کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ محمود عباس اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس کے دوران فلسطین کی تازہ ترین صورت حال بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کواسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 فروری جمعرات کے روز سلامتی کونسل کا غیر رسمی اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس کے لیے ’اسرائیلی قبضے کے 50 سال بعد‘ کا عنوان چنا گیا ہے جس میں مقبوضہ فلسطین اور غزہ کی پٹی کے علاقوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

مختصر لنک:

کاپی