فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی کی سرحد پر صہیونی فوج فوج نے ہنگامی حالت کی سطح مزید بڑھا دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کواسرائیلی فوج کی بھاری نفری کو غزہ کی سرحد پر نقل وحرکت میں دیکھا گیا۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے ہنگامی حالت میں اضافہ چار اسرائیلی فوجیوں کے غزہ کی سرحد پر زخمی ہونے کے واقعے کے بعد کیا گیا ہے۔
عبرانی ٹی وی 10 کے مطابق فوج کو غزہ کی پٹی میں عوام کی جانب سے سرحدی باڑ کے قریب احتجاجی مظاہروں اور اس دوران بم نصب کیے جانے کا خوف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسرائیلی فوج نے ہنگامی صورت حال میں اضافہ کردیا ہے۔
عبرانی ٹی وی کے مطابق گذشتہ ہفتے کے روز غزہ کی سرحد پراسرائیلی فوج کی ایک گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تباہ ہوگئی تھی اور اس میں سوارچار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے بعد فوج غزہ کی سرحد پر الرٹ ہے۔
خیال رہے کہ غزہ اور سنہ 1948ء کےدوران قبضے میں لیے گئے فلسطینی علاقوں کے درمیان تعمیرکردہ سرحدی باڑ کے قریب خان یونس کے مضافات میں الشریج کے مقام پرسڑک کناے بم پھٹنے سے اسرائیلی گاڑی تباہ ہوگئی تھی۔ جس میں سوار چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔ زخمیوں میں سے دو کو درمیانے اور دیگر دو کو شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔