اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے غزہ کی پٹی کے مصر سے متصل علاقےرفح میں سرنگ کی موجودگی اور اسے بمباری سے تباہ کرنے کےاسرائیلی دعوے کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک بیان میں کہا کہ رفح کے علاقے میں القسام کی سرنگ کی موجودگی کا اسرائیلی دعویٰ قطعی بے بنیاد اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی مذموم کوشش ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ’ٹوئٹر‘ پر متعدد ٹویٹس میں ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے رفح میں جس سرنگ کا دعویٰ کیا ہے وہ فلسطینی مجاھدین کے استعمال نہیں تھی۔ اسرائیل سنہ 2014ء کی جنگ میں اس سرنگ کو بمباری کے ذریعے نشانہ بنا چکا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ اس نے غزہ کی پٹی میں مصر سے متصل علاقے رفح میں القسام کے زیراستعمال ایک سرنگ پر بمباری کرکے اسے تباہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے بہ قول اس سرنگ کو غزہ اور مصر کے درمیان آمد روفت ، دراندازی اور اسلحہ کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ تاہم القسام نے اسرائیلی فوج کے اس دعوے کو قطعی بے بنیاد قرار دیا ہے۔