غزہ کی پٹی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران قابض صہیونی فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹراشرف القدرہ نے کہا کہ جمعہ کے روز خان یونس میں اسرائیلی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری آج سوموار کو دم توڑ گیا۔
شہید ہونے والے فلسطینی شہری کی شناخت مروان عواد حمد قدیح کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 45 سال بتائی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ 30 مارچ 2018ء کو ’یوم الارض‘ مظاہروں کے دوران اور اس کے بعد اب تک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے جب کہ تین ہزار کے قریب شہری زخمی ہوئے ہیں۔ 1296 فلسطینی سیدھی فائرنگ سے زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 79 کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔