اسرائیل نے رومانیا اور جمہوریہ چیک پر زور دیا ہے کہ وہ تل ابیب میں قائم اپنے سفارت خانے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حال ہی میں اسرائیلی نائب وزیرخارجہ ’زیپی حوٹوویلی‘ نے رومانیا اور جمہوریہ چیک کا دورہ کیا۔ اس دورے کےدوران انہوں نے دونوں ملکوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سفارت خانے تل ابیب سے القدس منتقل کرنے کی کوشش کریں تاکہ دوسرے یورپی ملکوں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب مل سکے۔
اخبار ’یروشلم پوسٹ] کی رپورٹ کے مطابق مسز حوٹوویلی نے اپنے دورہ رومانیا کے دوران وزیراعظم بوخارسٹ اور کانگریس کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے رومانی قیادت پر زور دیا کہ وہ تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کریں۔
اخباری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی نائب وزیرخارجہ یورپی ملکوں کے دورے پر ہیں۔ ان کے دورے کا مشن یورپی ملکوں کو تل ابیب میں قائم اپنے سفارت خانے القدس متنقل کرنے پرقائل کرنا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس چھ دسمبر کوامریکی نسل پرست صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیتے ہوئے سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔