فلسطین میں 30 مارچ کو شروع ہونے والی تحریک حق واپسی ریلیوں کے کل 14 ویں روز میں مزید دو فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔ دونوں فلسطینیوں کو گذشتہ روز کوجنوبی غزہ میں اسرائیلی فوج نےوحشیانہ فائرنگ کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئے، تاہم بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شہداء کا تعلق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں خزاعہ سے بتایا جاتا ہے۔
ہمارے نامہ نگار کے مطابق ایک فلسطینی شہری کو مقامی وقت کے مطابق عصر کے قریب گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے سینے اور پیٹ میں گولیاں لگی تھیں جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوئیں۔
شہد فلسطینی کی شناخت عبداللہ الشحری کے نام سے کی گئی ہے جس کی عمر 30سال ہے۔
کل جمعرات کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی بھی شہید ہوگیا۔ اس کی شناخت محمد حجیلہ کے نام سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ تیس مارچ کو فلسطین میں یوم الارض کے موقع پر شروع ہونے والی تحریک کے 14 دنوں میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں 34 فلسطینی شہید اور 3100 زخمی ہوچکے ہیں۔ زخمیوں میں سے 106 کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔