قابض اسرائیلی فوج نے بدھ کو علی الصباح غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں خزاعہ کے مقام پر توپ خانے سے گولہ باری کی جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےنامہ نگار کے مطابق قابض فوج نے خزاعہ میں شہداء اسکول کے قرب وجوار میں کئی گولے داغے جس کے نتیجےمیں پانچ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی گولہ باری سے فلسطینیوں کے متعدد گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
عبرانی ویب سائیٹ ’0404‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جنوبی غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی ایک رصد گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
قبل ازین منگل کے روز بھی اسرائیلی فوج نے غزہ حجر الدیک کے مقام پر ایک فلسطینی مزاحمتی مرکز کو گولہ باری سے نشانہ بنایا تھا تاہم اس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔