قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینی شہریوں کے سات گھروں کو غیرقانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے سول انتظامیہ کے عہدیداروں کے ہمراہ الخلیل شہر میں سموع قصبے کی خربہ غوین کالونی پر چھاپہ مارا اور وہاں پر موجود سات مکانوں کے مالکان کو نوٹس دیے کہ وہ مکان فوری طورپر خالی کریں تاکہ ان کی مسماری کا آپریشن کیا جاسکے۔ نوٹس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ اگرمکانات خالی نہیں کرائے گے تو اس کے نتیجے میں مالکان کو مکان خود گرانا ہوں گے یا اسرائیلی حکام کو اس کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ صہیونی حکام کی طرف سے فلسطینی شہریوں کو 14 دن کی مہلت دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ چودہ روز کے اندر اندر مکان خالی کردیں۔
خیال رہے کہ خربہ غوین میں بیشتر فلسطینی شہریوں کے مویشیوں کے باڑے ہیں۔ تاہم فلسطینی شہریوں کے رہائشی مکانات بھی موجود ہیں۔
مقامی شہریوں نے مکانات مسماری کے نوٹس پر گہرے غم وغصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صہیونی ریاست قصد انتقامی کارروائی کے تحت گھروں کو مسمار کررہی ہے۔