قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہ نماؤں اور کارکنوں کے خلاف وحشیانہ کریک ڈاؤن شروع کیا ہے جس میں جماعت کے متعد اہم رہ نماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے غرب اردن میں حماس کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران جماعت کے کئی رہ نماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا گیا جب کہ تلاشی کی آڑ میں گھروں میں لوٹ مار بھی کی گئی۔
نامہ نگاروں کے مطابق گرب اردن کے شہروں طولکرم، نابلس ، بیت لحم اور رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کے دوران حماس رہ نماؤں کو نقدی اور طلائی زیورات سے بھی محروم کردیا۔ نابلس سے حماس کے چار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے نابلس میں راس العین، رفیدیا، مغربی کالونی اور دیگر مقامت پر چھاپے مارے۔
تلاشی کے دوران نابلس سے گرفتار حماس رہ نماؤں کی شناخت عزالدین بکر بلال، سابق اسیر مجاھد عاشور، احمد جمعہ البوبلی، سابق اسیر انس محمود جود اللہ کے ناموں سے کی گئی ہے۔
طولکرم میں تلاشی کی کارروائی میں حماس رہ نما اور سابق اسیر رافت ناصیف کے گھر میں لوٹ مار کی گئی۔
بیت لحم میں حماس کے رکن اور صحافی قتیبہ قاسم کے گھر سے 5000 شیکل کی رقم لوٹ لی گئی۔
قابض فوج نے بیت لحم میں ایک دوسری کارروائی کے دوران حماس رہ نما حسن الوردیان کے گھر سے 50 ہزار شیکل مالیت کی رقم لوٹ لی۔