فلسطین میں غیرمتوقع طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے کم سے کم 9 صہیونی آباد کارہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی بس اسرائیل کے ایک ملٹری کالج کی تھی جس میں 25 زیرتربیت فوجی سوارتھے۔ ان میں سے نو ہلاک اور چھ لاپتا ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روزجزیرہ نما النقب میں آنے والے سیلاب کے باعث ایک بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں نو اسرائیلی ہلاک اور چھ لاپتا ہوگئے۔ یہ واقعہ جمعرات کی شام وادی عربہ میں پیش آیا۔ سیلاب میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیلاب کے باعث جزیرہ نما النقب میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ وادی عرب میں سیلاب کی نذر ہونے والی بس ایک اسکول کی طرف سے مطالعاتی اور تفریحی دورے پر بھیجی گئی تھی جس میں پچیس افراد سوار تھے۔ سیلابی ریلے میں بہ جانے کے باعث نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ چھ لاپتا ہیں۔
اسرائیلی اخبارات کے مطابق ہلاک ہونے والے طلباء ملٹری کالج میں زیر تعلیم تھے اور وہ عسکری تربیت حاصل کررہے تھے۔