اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فلسطین میں جلد ازجلد پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے لیے تیار ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سوشل میڈیا پر پوسٹ ایک بیان میں ڈاکٹر مرزوق نے کہا کہ حماس ملک میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے فوری انتخابات اور قومی مفاہمتی معاہدے پرعمل درآمد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی دھڑوں کے پاس سنہ 2005، 2011، 2014 اور 2017ء کو طے پائے مفاہمی معاہدوں پرعمل درآمد کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ان معاہدوں میں بھی فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ حماس ان معاہدوں پرعمل درآمد کے لیے تیار ہے۔
حماس رہ نما نے کہا کہ ہم نے مصری بھائیوں کو بھی کہہ دیا ہے کہ ان کی جماعت فلسطین میں پارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے انتخابات کے ساتھ قومی مفاہمتی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے ہرممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔