محاصرہ زدہ غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے فلسطینی مصور پینٹ برش اور کینوس تھامے ہوئے خطے کے دکھوں اور اس میں پھیلے ہوئے اضطراب کو تصویری شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ مصور مختلف زاویوں اور خاکوں کے ذریعے سے لکڑی، کاغذ اور شیشے کے کینوس پر رنگوں سے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں۔
ہر تصویر کو مختلف رنگوں کا استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے مگر ان میں پیغام ایک ہی ہے تمام پناہ گزینوں کو اپنی دھرتی ماں ‘فلسطین’ میں واپس آنے کا حق ہے۔
ایک پینٹنگ میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے فلسیطنی مظاہرین کے خلاف جارحیت کو تصویری شکل میں پیش کیا گیا ہے۔ اس تصویر میں خون کے چھینٹے اور اسرائیلی فوج کی جانب سے پھینکے جانے والے گرینیڈ دکھائے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ایک پینٹنگ میں فلسطینیوں کے حق واپسی کی نمائندگی کرنے والی ایک چابی کی تصویر بنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ تصویر میں مسجد اقصیٰ کے قبہ الصخہ کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔







