اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا ہے کہ شام میں وقفے وقفے سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کو روکنے کے لیے روس کے حرکت میں آنے کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ روس کے دورے کے دوران روسی صدر ولادی میر پیوتن نے ان سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی تھی کہ ماسکو شام میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں رکاوٹ نہیں ڈالے گا۔
قبل ازیں ماسکو میں روسی صدر کےہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں نیتن یاھو نے کہا کہ انہوں نے روسی قیادت سے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کاحق حاصل ہے۔ شام کی سرزمین پر ایران کی موجودگی اسرائیل کے لیے خطرہ ہے اور اسرائیل کسی بھی ایرانی جارحیت کے انسداد کے لیے دفاعی کارروائیوں کا حق رکھتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں نے روسی صدر پرواضح کیا ہے کہ ہرملک کو اپنی خود مختاری، سالمیت اور سلامتی کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ مجھے یقین ہے کہ روسی صدر میری بات سمجھ گئے ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے لیے اپنے دفاع کے لیے وقت اور جگہ کی کوئی قید نہیں۔ ہمیں جہاں سے بھی خطرہ ہوا وہاں کارروائی کرسکتےہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے بدھ کے روز روس کے دورے کے دوران صدر ولادی میر پیوتن سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں شام کی تازہ ترین صورت حال اور دیگر علاقائی اور عالمی امور پر بات چیت کی گئی۔