ماہ صیام آتے ہی گھروں اور ہوٹلوں میں کھانا پکانے کے دوران روزہ داروں کو کھانے میں نمک کی مقدار کے حوالے سے مشکل پیش آتی ہے۔ ترکی میں طلباء کے ایک گروپ نے اس مشکل کا منفرد حل نکالا ہے۔ انہوں نے ایک ایسا چمچ تیار کیا ہے جو ہانڈی میں نمک کی مقدار کا تعین کرتا ہے۔ اس چمچ کی مدد سے کھانےمیں نمک کی مناسب مقدار ڈالی جاسکتی ہے۔
ترکی کی کیر شھر ریاست میں دو طلباء نے ’جادوئی چمچ‘ تیار کیا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد ایجاد ہے جوکھانے میں نمک چکھنے کی ضرورت سے مستثنیٰ کردیتا ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ یہ چمچ تیار کرنے والے طلباء محمد عاکف توتوم اور دیلارا عبدالھادی پانچویں جماعت کے طلباء ہیں۔ انہوں نے اپنے اس تحقیقی منصوبے کو طلباء اور اساتذہ کے ایک گروپ کے سامنے پیش کیا جسے حیران کن ایجاد قرار دیا جا رہا ہے۔
محمد تورتوم نے کہا کہ ہم نے ایک ایسا چمچ تیار کیا ہے جسے ہانڈی میں ڈالنے کے بعد اس کے ذریعے ہانڈی کو درکار نمک کا تعین کیاجاسکتا ہے۔ ہانڈی تیار کرنے والا اگر روزہ دار ہے تو اسے چکھنے کی بھی ضرروت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایجاد ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے دوسری جانب ماہ صیام کی آمد آمد ہے۔ یہ ایجاد روزہ داروں کے لیے ایک منفرد تحفہ ہے۔