فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ملبورن شہر میں نکالی جانے والی اس احتجاجی ریلی میں آسٹریلیا میں مقیم فلسطینی، عرب اور مسلمان شہریوں اور مقامی سماجی تنظیموں کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور عالمی برادری کی طرف سے غزہ کے عوام کے حوالے سے برتی جانے والی خاموشی پر بھی شدید تنقید کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے بے گناہ فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ 14 مئی کو اسرائیلی فوج نے مشرقی غزہ میں جمع ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں پر براہ راست فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 64 فلسطینی شہید اور 3244 زخمی ہوگئے تھے۔