چهارشنبه 30/آوریل/2025

اسرائیلی جیل میں فلسطینی شہری کا قتل، عرب لیگ کی شدید مذمت

بدھ 23-مئی-2018

عرب لیگ نے اسرائیلی جیل میں صہیونی تفتیش کاروں کے وحشیانہ تشدد سے ایک معمر فلسطینی شہری کے وحشیانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے روز عرب لیگ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 53 سالہ فلسطینی عزیز عویسات کا اسرائیلی جیل میں وحشیانہ قتل قابل مذمت ہے۔ عرب لیگ اس واقعے کے قصور واروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ عویسات پر جیل میں تشدد اور اس کے بعد نام نہاد علاج کی آڑ میں اس کے علاج میں مجرمانہ غفلت کا ذمہ دار اسرائیل ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی شہری کی موت واقع ہوئی۔

عرب لیگ نے صہیونی ریاست کو خبردار کیا کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کا سلسلہ فوری طورپر بند کرے اور قیدیوں کے عالمی قوانین کے مطابق ان سے برتاؤ کو یقینی بنائے۔

خیال رہے کہ فلسطینی شہری عزیز عویسات کو اسرائیلی جلادوں نے چند روز قبل ایشل جیل میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور حالت خراب ہونے پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم اسپتال میں بھی اسے کسی قسم کی طبی امداد مہیا نہیں کی گئی جس کےنتیجے میں فلسطینی قیدی کی موت واقع ہوگئی۔ عویسات کا تعلق بیت المقدس سے تھا اور اسے 2014ء کو گرفتار کرنے کے بعد 30 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

مختصر لنک:

کاپی