شنبه 16/نوامبر/2024

مسجد اقصیٰ کےدیرینہ محافظ ڈیوٹی پر روزے کی حالت میں چل بسے

جمعرات 24-مئی-2018

مسجد اقصیٰ کے ایک دیرینہ محافظ گذشتہ روز قبلہ اول کی حفاظت کی ذمہ داری انجام دیتے ہوئے روزے کی حالت میں عارضہ قلب کے باعث اچانک انتقال کرگئے۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے ایوب ابو ھدوان مسجد اقصیٰ کی حفاظت کی ذمہ داری انجام دے رہے تھے کہ ان کی دل میں تکلیف کے باعث ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ انہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی۔

فلسطینی اسیران کے اہل خانہ پرمشتمل کمیٹی کے ترجمان امجد ابو عصب کا کہنا ہے کہ عارضہ قلب کے نتیجے میں روزے کی حالت انتقال کرنے والے ھدوان 23 سالہ زیاد ایوب محمود ابو ھوان کے والد ہیں۔ زیاد کو 3 دسمبر 2015ء کو اسرائیلی فوج کو حراست میں لیا تھا۔ وہ اس وقت ھداریم جیل میں قید ہیں۔ ان پر اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] سے وابستگی کے الزام میں مقدمہ چلایا گیا اور چھ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

خیال رہے کہ ابو ھدوان مسجدا قصیٰ کے دیرینہ محافظ تھے۔ اسرائیلی فوج نے انہیں قبلہ اول سے دور کرنے کے لیے کئی بار مسجد سے بے دخل کیا مگر صہیونی ریاست کے انتقامی ہتھکنڈے انہیں قبلہ اول سے دور نہیں کر سکے۔ وہ مسلسل 18 سال سے مسجد اقصیٰ کی حفاظت کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ ان کی ناگہانی موت نے اہالیان القدس اور پوری فلسطینی قوم کو غم اور صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی