فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی دہشت گردی کے نتیجے میں زخمی ہونے والا ایک اور فلسطینی شہری شہید ہوگیا جس کے بعد 30 مارچ سے جاری پرتشدد تحریک میں قابض فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 121ہوگئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ کو اسپتال میں زیرعلاج 24 سالہ یاسر سامی حبیب دم توڑ گیا۔ قبل ازیں جمعرات کو احمد علی مصطفیٰ قطوش اور 21 سالہ محمد بکر ابو طاحون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ دونوں چند روز قبل اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کے روز اسرائیلی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان مشرقی سرحد پر تصادم ہوا۔ اس موقع پر پرامن فلسطینی مظاہرین نے سرحد کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر قابض فوج نے مظاہرین پر فائرنگ اورآنسوگیس کی شیلنگ شروع کردی۔
وزارت صحت کے مطابق 30 مارچ کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک حق واپسی کے دوران اسرائیلی فوج نے مجموعی طورپر 129 فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا ہے۔ ان میں 63 فلسطینی صرف 14 مئی کو شہید کیے گئے جب کہ آٹھ ہفتوں کے دوران قابض فوج نے13 ہزار فلسطینیوں کو زخمی کیا۔