فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی تازہ کاروائیوں اور ممکنہ جنگ کے خطرات کے پیش نظر کویت نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کویت کی جانب سے عالمی سلامتی کونسل کے سفارت کاروں میں ایک قرارداد کا مسودہ تقسیم کیا ہے جس میں فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کوشش کا مقصد یورپی یونین کے رکن ممالک کی جانب سے فلسطینیوں کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے مگر خدشہ ہے کہ امریکا اس قرارداد کو بھی اسرائیل کے حق میں ’ویٹو‘ کردے گا۔
ادھر امریکا نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جاری تازہ کارروائیوں کے حوالے سے آج سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ قبل ازیں کویت بھی ایسا ہی مطالبہ کرچکا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی خاتون مندوب نیکی ہیلی نے ایک بیان میں کہا کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج بدھ کی شام کو نیویارک میں یو این سیکیورٹی کونسل کے صدر دفتر میں منعقد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ کل منگل سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں اور فلسطینی مزاحمت کاروں کے جوابی راکٹ حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ کی پٹی میں 35 مقامات پر فلسطینی مزاحمتی مراکز اور شہری تنصیبات پر بمباری کی تاہم اس بمباری میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب غزہ سے اسرائیلی زیرتسلط علاقوں پر داغے گئے راکٹ حملوں کےنتیجے میں متعدد صہیونی فوجی اور آباد کار زخمی ہوچکے ہیں۔