یمن کے حوثی باغیوں نے خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حوثی عسکری گروپ کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل شرف غالب لقمان نے ایک بیان میں کہا کہ ابو ظہبی ہمارے میزائلوں کی رینج میں ہے اور کسی وقت بھی امارات پرحملے کئے جاسکتے ہیں۔
انہوں نے امارات بالخصوص دبئی اور ابو ظہبی میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خبردارکیا کہ وہ ہماری دھمکیوں کو مذاق نہ سمجھیں۔ ابو ظہبی اور دبئی ہمارے راکٹوں اور میزائلوں کے نشانے پر ہیں۔
حوثی لیڈر کا کہنا تھا کہ یمن کے مغربی ساحل پر متحدہ عرب امارات کی جارحیت کے سنگین اور غیر متوقع نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ حوثی الحدیدہ کے چھینے گئے علاقے جلد واپس لیں گے۔
لقمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے یمن میں اہم فتوحات کے دعوؤں کی سختی سےتردید کی اور کہا دونوں ممالک فرضی فتووحات کے دعوے کررہےہیں۔