سوڈان کی حکومت نے شمالی کوریا کے ساتھ جاری دفاعی معاہدے ختم کرتے ہوئے پیانگ یانگ کے ساتھ ہرطرح کے عسکری تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق سوڈانی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خرطوم نے شمالی کوریا پر سلامتی کونسل کی عاید کردہ پابندیوں کے نفاذ کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سوڈانی محکمہ دفاع اور دفاعی صنعت نے شمالی کوریا کے ساتھ طے پائے تمام معاہدے ختم اور بالواسطہ یا براہ راست کسی طرح کے عسکری تعلقات برقرار نہ رکھنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات بدستور قائم رہیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں امریکا نے خرطوم پر عاید کردہ طویل پابندیاں بہ تدریج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سوڈان کو دہشت گردی کی پشت پناہی کرنے والے ملکوں بالخصوص شمالی کوریا، ایران اور شام کی صف میں شامل ممالک سے نکال دیا تھا۔
سوڈانی حکومتی عہدیداراپنے نام اور اداروں کو امریکا میں بلیک لسٹ کی فہرست سے نکالنے کی کوششیں کر رہے ہیں مگر اس کے لیے خرطوم کو یہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ وہ شمالی کوریا جیسے ملکوں کی صف میں شامل نہیں رہا ہے۔
شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان بھی اختلافات کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔ رواں ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی مرد آہن کم جون اون کی سینگا پور میں ملاقات متوقع ہے۔