فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد نے دریائے اردن کے مقبوضہ مغربی کنارے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جمعہ کو ’عالمی یوم القدس‘ کے موقع پر قبلہ اول میں جمع ہوں اور القدس کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی جہاد کے ترجمان احمد العوری نے ایک بیان میں کہا کہ اس بار ’عالمی یوم القدس‘ ’النکسہ‘ کے موقع پر آ رہا ہے۔ فلسطینی قوم اس موقع پر بیداری کامظاہرہ کرے اور القدس ریلیوں میں بھرپور طریقے سے شرکت کی جائے۔
خیال رہے کہ فلسطینی سنہ 1967ء کی جنگ کے یاد میں ’پانچ جون‘ کو یوم نکسہ کے طورپر مناتے ہیں۔
اسلامی جہاد کے ترجمان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم بالخصوص مقبوضہ مغربی کنارے میں بسنے والے فلسطینی اسرائیلی رکاوٹیں توڑ کرقبلہ اول میں پہنچیں۔
واضح رہے کہ کل ماہ صیام کے جمعۃ الوداع کے موقع پر دنیا بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے۔