جنوبی افریقا نے کہا ہے کہ وہ سلامتی کونسل کے رکن کی حیثیت سے کونسل میں فلسطینیوں کے حقوق کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں جنوبی افریقا کی وزیرخارجہ وعالمی تعلقات لینڈیوی نونیساپا سیسولو نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے حقوق کی پرزور حمایت کرنے والوں میں شامل ہے۔ ہم فلسطینی قوم کی آزادی کے حق کے پرزور حامی ہیں۔ فلسطینیوں کی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل کو باہمی اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت کے عمل میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔
پریس کانفرنس کے دوران اخبار ’القدس العربی‘ کی جانب سے استفسار کیا گیا کہ آیا فلسطینی قوم اپنی آزادی کی جد و جہد کے لیے جنوبی افریقا پر اعتماد کرسکتے ہیں تو ان کاکہنا تھا کہ جنوبی افریقا ماضی میں بھی فلسطینیوں کے حقوق کا پرزور حامی رہا ہے اور یہ حمایت آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
خیال رہے کہ جنرل اسمبلی نے اگلے دو سال کے لیے پانچ ممالک جن میں جنوبی افریقا بھی شامل ہے کو سلامتی کونسل کے ارکان میں شامل کیا ہے۔ ان میں انڈونیشیا، جرمنی اور بیلجیم بھی شامل ہیں۔